اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلا کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان سے فوری ملاقات کی استدعا مسترد کر دی۔
سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکیل اور رہنما لطیف کھوسہ نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کی درخواست کی، تاہم چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ عدالت بغیر نوٹس جاری کیے ایسا کوئی حکم نہیں دے سکتی۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ پہلے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق اعتراضات کی رکاوٹ عبور کرنا ہوگی، اور یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ عمران خان کے مقدمات مختلف دیگر عدالتوں میں زیرِ التوا ہیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے واضح کیا کہ بغیر نوٹس جاری کیے ملاقات سے متعلق کوئی آرڈر دینا ممکن نہیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی ضمانت کی درخواست کو غیر مؤثر ہونے پر خارج کر دیا۔
