📍 اسلام آباد
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت غزہ بورڈ آف پیس میں پاکستان کو بڑی پذیرائی ملی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے باعث دنیا بھر میں ملک کی عزت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں پاکستان تنہائی کا شکار تھا لیکن اب ہر عالمی معاملے پر ایک اہم پلیئر کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ غزہ پیس بورڈ میں پاکستان کے مؤقف کو سراہا گیا اور پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم اور ذمہ دار ملک کے طور پر ابھرا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب قیادت ایماندار ہو تو اس کے مثبت نتائج سامنے آتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ہر عالمی فورم پر فلسطینیوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا۔
دوسری جانب واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر صدارت غزہ پیس بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو ان کا حق دیا جائے اور ایک آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دیرپا امن کے لیے غزہ میں سیزفائر کی خلاف ورزیاں فوری بند ہونی چاہئیں۔
