چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل Asim Munir نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کر دیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ Inter-Services Public Relations (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وانا، جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہدا کی یادگار پر پھول رکھے اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مغربی سرحد کی صورتحال پر بریفنگ
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو مغربی سرحد پر سکیورٹی صورتحال اور آپریشن غضب للحق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور جاری جھڑپوں کے دوران ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل مستعدی اور بلند حوصلے کو سراہا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استقامت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ خوارج اور فتنہ الہندوستان کا افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا ناقابل قبول ہے اور اس جانب سے پیدا ہونے والے ہر خطرے کو ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان امن اسی وقت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت سے دستبردار ہوں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری، مربوط کارکردگی اور بلند حوصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
