رپورٹ : سمیع بٹ کے نیوز اردو سرگودھا
سرگودھا: نواحی علاقے میں زمین کے تنازع پر پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں بااثر افراد نے ایک شخص کو اس کے 4 سالہ بیٹے کے سامنے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیا۔
متاثرہ شخص ظہیر عباس، جو کہ قصبہ پھلروان کا رہائشی اور محنت کش ہے، اپنے کمسن بیٹے کے ہمراہ موٹر سائیکل پر رتو کالا جا رہا تھا کہ 12 افراد نے اسے گھیر لیا۔
متاثرہ شخص کے مطابق ملزمان نے جمیل اور عرفان کے ایما پر اسے روکا اور پھر ایک گھنٹے تک آہنی راڈ، ڈنڈوں، لاتوں اور تھپڑوں سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس دوران 4 سالہ معصوم بچہ اپنے باپ کو پٹتا دیکھ کر مسلسل چیختا اور روتا رہا، تاہم کسی نے بھی مداخلت نہ کی۔ شدید صدمے کے باعث بچے کی حالت غیر ہو گئی جبکہ متاثرہ شخص بھی زخمی ہو گیا۔
واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص نے 2 نامزد اور 12 نامعلوم ملزمان کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے اور اس کا میڈیکل کرایا جا رہا ہے۔
تھانہ پھلروان پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
