اسلام آباد میں ایران جنگ سے متعلق مذاکرات کے لیے اہم سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں اور مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی عرب، ترکیے اور مصر کے وزرائے خارجہ کل اسلام آباد میں ایک اہم بیٹھک میں شرکت کریں گے، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور حالیہ پیشرفت پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مصری وزیر خارجہ آج رات جبکہ ترکیے اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کل صبح پاکستان پہنچیں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایران سے متعلق جاری بحران کے تناظر میں چار ممالک کے درمیان مشاورت جاری ہے، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور سفارتی حل تلاش کرنا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق کل صبح تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ پاکستان کے ساتھ الگ الگ دوطرفہ مذاکرات بھی کریں گے جبکہ وفود کے درمیان باہمی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم کی جانب سے مہمان وزرائے خارجہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔
ترک وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ حقان فیدان 29 سے 30 مارچ تک اسلام آباد میں قیام کریں گے جہاں وہ اہم اجلاس میں شرکت کریں گے اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اہم نکات:
- اسلام آباد میں اہم سفارتی سرگرمیاں جاری
- سعودی، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کی آمد
- ایران بحران پر علاقائی مشاورت تیز
- پاکستان کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات بھی شیڈول
- خطے میں کشیدگی کم کرنے پر غور
