ملک بھر میں بارشوں اور بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث موسم ایک بار پھر سرد ہوگیا ہے، مختلف علاقوں میں ٹھنڈ نے دوبارہ ڈیرے ڈال دیے۔
بلوچستان کے علاقوں چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، کوہلو اور نصیرآباد میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جہاں امدادی کارروائیاں بھی کی گئیں۔
ادھر آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، وادی ناران، سوات اور زیارت کے پہاڑوں پر اپریل میں برف باری نے موسم کو غیر معمولی طور پر سرد بنا دیا۔
سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہی جبکہ ڈیرہ غازی خان اور فورٹ منرو میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی، جس سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں سوات، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، کرم، خیبر، لوئر دیر، صوابی اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش ہوئی۔
پشاور میں نالوں کا پانی سڑکوں پر آگیا جبکہ مختلف حادثات کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہوگئے۔
