عالمی اور علاقائی حالات جیسے بھی بدلیں، پاک چین دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے: چینی وزیر خارجہ
چین کے وزیر خارجہ وانگ ای نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی اور دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دنیا اور خطے میں حالات کتنے ہی بدل جائیں، پاک چین دوستی پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑتا — یہ تعلق چٹان کی طرح مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ملاقات میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اپنی چین کے ساتھ لازوال اور آہنی دوستی پر فخر محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں عالمی سطح پر چین کا مقام اور اثر و رسوخ مسلسل بڑھا ہے۔ فیلڈ مارشل نے چینی صدر کے چار عالمی اقدامات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان منصوبوں نے عالمی امن اور ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
فیلڈ مارشل نے یہ بھی واضح کیا کہ پاک فوج سی پیک کی تعمیر میں مکمل تعاون جاری رکھے گی اور اس ضمن میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
وانگ ای نے ملاقات کے دوران پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد اور مؤثر ثالث قرار دیا اور کہا کہ تمام فریق اس پر بھروسہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن کوششیں قابلِ ستائش ہیں اور چین ان کی پوری حمایت کرتا ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن کا حصول مشکل ضرور ہے، مگر بالآخر امن قائم ہو کر رہے گا۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
