وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا موٹروے پولیس ہیڈکوارٹرز کا دورہ، اہم سفارشات و فیصلوں کی منظوری
اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں ان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سڑکوں کی حفاظت اور سفری سہولیات سے متعلق متعدد اہم سفارشات اور فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ایم ٹو موٹروے کو فوری طور پر انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹیشن سسٹم میں شامل کیا جائے، جبکہ دیگر اہم شاہراہوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر اس نظام کے تحت لایا جائے۔ انہوں نے شاہراہوں پر ٹیکس کی ادائیگی کے لیے کیش لیس اور فری فلو ٹول سسٹم متعارف کرانے کی ہدایت بھی دی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایم ٹو موٹروے اور دیگر بڑی شاہراہوں پر کیمروں، سیکیورٹی انفراسٹرکچر اور کمیونیکیشن سسٹم کو آئی ٹی ایس پلان کے تحت یکساں بنایا جائے، اور جدید الیکٹرانک ٹول سسٹم کو سیف سٹی کے سیکیورٹی نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے مری ایکسپریس وے اور دیگر بڑی شاہراہوں پر حفاظتی معیار کو مقررہ اصولوں کے مطابق لانے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے کے سروس ایریاز میں موٹروے پولیس کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور تمام سروس ایریاز پر ایک جیسی سہولیات فراہم کی جائیں۔ تمام موٹرویز اور ہائی ویز کے سروس ایریاز پر ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔
اجلاس میں موٹروے پولیس کے ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو مزید مربوط بنانے اور ایئر ایمبولینس سروس کی جلد فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ پہاڑی علاقوں میں شاہراہوں کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
وفاقی وزیر نے جگلوٹ اسکردو روڈ اور مانسہرہ کاغان ناران روڈ پر گارڈریل نصب کرنے کی ہدایت کی۔ ان علاقوں میں آئیبکس ریسٹ رومز کی جگہ مستقل ریسٹ ایریاز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
