یکم جولائی سے ملک بھر میں مون سون بارشیں متوقع، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے یکم جولائی سے ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے آندھی، گرج چمک، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمے کے مطابق 30 جون کی شام یا رات تک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کی توقع ہے۔ بحیرہ عرب سے اٹھنے والی مرطوب ہوائیں پہلے سے ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں اپنا اثر دکھا رہی ہیں، اور 2 جولائی سے خلیج بنگال کی سمت سے آنے والی ہوائیں بھی بالائی علاقوں کا رخ کریں گی۔
پیشگوئی کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران پاکستان کے زیرانتظام کشمیر، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ سندھ میں 3 اور 4 جولائی کو سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور ملحقہ اضلاع بارش کی زد میں آ سکتے ہیں، جبکہ بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں یکم سے 4 جولائی تک بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 6 جولائی کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ اسی عرصے میں اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیرضروری سفر سے گریز کریں اور متعلقہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں
