چین اور پاکستان کا امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی بحالی پر زور
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے دوطرفہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی بحالی پر زور دیا۔
چینی میڈیا کے مطابق دفتر خارجہ نے مسئلے کے پرامن حل کے لیے دوبارہ مذاکرات کی میز پر آنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چینی حکام کا کہنا تھا کہ تمام فریقین اپنے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی جنگ بندی پر عمل کیا جائے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے سی پیک ٹو، تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں خطے اور دنیا بھر کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
