پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 روپے فی لیٹر تک اضافے کا خدشہ
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 75 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
عالمی منڈی میں پیٹرول کی فی بیرل قیمت میں 10 ڈالر 23 سینٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد قیمت 88 ڈالر 53 سینٹ سے بڑھ کر 98 ڈالر 76 سینٹ ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق پریمیم شامل کرنے کے بعد پیٹرول کی فی بیرل قیمت 109 ڈالر 74 سینٹ تک پہنچ گئی، جبکہ ایکس ریفائنری قیمت 200 روپے سے بڑھ کر 210 روپے ہو گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت میں بھی 20 ڈالر فی بیرل کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد قیمت 120 ڈالر سے بڑھ کر 140 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت 226 روپے 58 پیسے سے بڑھ کر 267 روپے 23 پیسے تک ریکارڈ کی گئی۔
آج پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔ اوگرا مارکیٹ کے مشاہدے کی بنیاد پر اپنی سمری حکومت کو بھجوائے گی، جس کے بعد وزیراعظم معاشی ٹیم سے مشاورت کر کے نئی قیمتوں کی منظوری دیں گے۔
