چوہنگ میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل، ملزم نے خودکشی کرلی
لاہور کے علاقے چوہنگ میں پیش آنے والے ایک المناک واقعے میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ ماہ قبل عمران نے سمعیہ نامی لڑکی سے مبینہ طور پر زبردستی نکاح کر لیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ قانونی پیچیدگیوں کی نذر ہو گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق عمران کو اس معاملے میں گرفتار بھی کیا گیا تھا، تاہم کچھ عرصہ قبل وہ رہا ہو گیا۔ رہائی کے بعد ملزم سمعیہ کے گھر جا پہنچا اور اندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آکر سمعیہ، اس کے والدین اور بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کا محاصرہ کیا اور جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ تاہم اس دوران ملزم عمران نے خود پر بھی فائرنگ کرکے خودکشی کر لی۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
