اطالوی وزیراعظم کا اسکولوں میں نقاب اور برقعے پر پابندی کا عندیہ، غیر ملکی طلبہ کی تعداد محدود کرنے کی بھی تیاری
اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے واضح کیا ہے کہ ان کی حکومت اسکولوں میں چہرہ ڈھانپنے والے نقاب اور برقعے پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ساتھ ہی ہر جماعت میں داخلہ لینے والے غیر ملکی طلبہ کی تعداد بھی محدود کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
یہ بیان انہوں نے اپنی جماعت برادرز آف اٹلی کی نوجوانوں کے لیے منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ میلونی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے جلد کابینہ کے اجلاس میں باقاعدہ تجویز پیش کی جائے گی، جس پر حتمی فیصلہ حکومتی سطح پر کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے اس بیان کو اٹلی میں مہاجرین اور تعلیمی پالیسی سے متعلق جاری بحث کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ حکومتی حلقوں کے مطابق ان اقدامات کا مقصد اسکولوں میں انضمام کے عمل کو بہتر بنانا اور تعلیمی ماحول کو یکساں رکھنا بتایا جا رہا ہے۔
ابھی تک اس تجویز کا حتمی مسودہ سامنے نہیں آیا، تاہم توقع ہے کہ کابینہ کے اگلے اجلاس میں اس پر باضابطہ گفتگو کی جائے گی۔ حزب اختلاف کی جانب سے اس اعلان پر ردعمل آنا ابھی باقی ہے۔
