صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ابوظبی پورٹس گروپ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں بندرگاہی شعبے میں سرمایہ کاری، کراچی پورٹ کی توسیع اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران کراچی پورٹ کی توسیع کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ بندرگاہوں کی استعداد کار میں اضافے اور انہیں عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ دونوں برادر ممالک نے بندرگاہوں کے جدید انفراسٹرکچر کو خطے میں تجارتی روابط کے فروغ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان میں ابوظبی پورٹس گروپ کے کردار کو سراہتے ہوئے اسلام آباد میں ابوظبی پورٹس کے دفتر کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور بندرگاہی شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
گفتگو کے دوران پاکستان میں ابوظبی پورٹس گروپ کی موجودہ اور مستقبل کی سرمایہ کاری پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے بحری تجارت کے فروغ، لاجسٹکس نیٹ ورک کی بہتری اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت بندرگاہوں کی صلاحیت بڑھانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
