کرم: پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالفطر کے موقع پر کرم کا دورہ کیا اور فوجی جوانوں و افسران کے ساتھ عید منائی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے نماز عید ادا کی اور پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
فوجی جوانوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے عید کی مبارکباد دی اور ان کی غیر متزلزل لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
آرمی چیف نے جوانوں کی بہادری اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن “غضبُ اللحق” میں حاصل کامیابیوں کو سراہا، جس کا مقصد دہشتگرد نیٹ ورکس کا خاتمہ اور سرحدی علاقوں میں پائیدار امن کا قیام ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد عناصر کو پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
آرمی چیف نے آپریشنل کامیابیوں کو شہداء کی عظیم قربانیوں اور افسران و جوانوں کے عزم کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے فوج کے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو بھی دہرایا اور جوانوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی پر فخر کا اظہار کیا۔
کرم آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
