خلیفہ گھمکول شریف حاجی فضل الہی چکوال میں سپرد خاک، ہزاروں عقیدت مند آخری وداع کو جمع
دربار عالیہ گھمکول شریف کوہاٹ کے خلیفہ مجاز حاجی مولوی فضل الہی رحمت اللہ علیہ کو ان کے آبائی قصبہ کھودے چکوال میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ صاحبزادہ حضرت پیر انور جنید شاہ گھمکول شریف نے پڑھائی۔

حاجی مولوی فضل الہی گزشتہ دنوں برطانیہ میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کی پہلی نماز جنازہ جامعہ مسجد گھمکول شریف برمنگھم میں ادا کی گئی، جس کے بعد ان کا جسد خاکی پاکستان لایا گیا۔
چکوال میں آستانہ عالیہ حبیب آباد شریف کھودے پر دوسری نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر سجادہ نشین گھمکول شریف حضرت پیر حبیب اللہ شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ نماز جنازہ میں علمائے کرام، سادات کرام، خلفائے گھمکول شریف اور بڑی تعداد میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات شامل ہوئیں۔
ترجمان گھمکول شریف چوہدری اسد محمود نے بتایا کہ ہزاروں عقیدت مندوں اور سوگواروں نے آخری وداع کیا۔ انہوں نے حاجی صاحب کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دربار عالیہ گھمکول شریف سے ان کا تعلق اس بات کی دلیل ہے کہ نیک لوگوں کی صحبت انسان کی دنیا اور آخرت دونوں کو سنوار دیتی ہے۔
