میٹا نے انسٹا گرام پلس سبسکرپشن سروس پوری دنیا میں متعارف کرا دی
سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے اپنی مقبول ایپ انسٹا گرام کی پیڈ سبسکرپشن سروس “انسٹا گرام پلس” کو باضابطہ طور پر عالمی سطح پر لانچ کر دیا ہے۔ مئی 2026 میں آزمائشی مرحلے سے گزرنے کے بعد یہ سروس اب دنیا کے تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
یہ ایک اختیاری سروس ہے جو ان صارفین کے لیے تیار کی گئی ہے جو انسٹا گرام پر اپنے تجربے کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ اس میں مواد کی تیاری، پرسنلائزیشن اور تجزیاتی ٹولز پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ سبسکرائب کرنے والے صارفین کو وہ سہولیات ملیں گی جو ایپ کے مفت ورژن میں موجود نہیں۔
فیچرز کی بات کی جائے تو سب سے نمایاں تبدیلی اسٹوری کے دورانیے میں ہے — جو اب 24 کی بجائے 48 گھنٹوں تک دیکھی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ “اسٹوری اسپاٹ لائٹ” کے ذریعے اسٹوریز دوستوں کو نمایاں نظر آئیں گی، انیمیٹڈ ری ایکشنز بھیجے جا سکیں گے اور صارفین دوسروں کی اسٹوریز بغیر انہیں بتائے دیکھ سکیں گے۔ نئے اینالیٹیکس اور ویونگ فیچرز بھی اس پیکج میں شامل ہیں۔
انسٹا گرام نے واضح کیا ہے کہ ایپ کا مفت ورژن بدستور سب کے لیے دستیاب رہے گا اور کوئی موجودہ سہولت ختم نہیں کی جا رہی۔ انسٹا گرام پلس صرف ان لوگوں کے لیے ہے جو اضافی کنٹرول، خصوصی ٹولز اور اپنے مواد کے بارے میں زیادہ تفصیلات چاہتے ہیں۔
