کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی فائرنگ 4 سیکیورٹی اہلکار شہید، 20 سے زائد زخمی
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مسلح عناصر کی فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ آزاد جموں و کشمیر پولیس نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
آئی جی آزاد جموں و کشمیر نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ مسلح افراد نے احتجاج کے نام پر اکٹھے ہو کر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے اسے کسی پرامن تحریک کا حصہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے منظم دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا۔
آئی جی کے مطابق مسلح گروہ نے صرف سیکیورٹی فورسز ہی نہیں، بلکہ طبی سہولت مرکز کو بھی نشانہ بنایا۔ سی ایم ایچ راولاکوٹ پر حملے کو انہوں نے عام شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والا عمل کہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مسلح جتھے کو خطے کے امن اور شہریوں کی سلامتی کو یرغمال نہیں بنانے دیا جائے گا۔ آئی جی نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہے۔
زخمی اہلکاروں کے علاج کے لیے فوری انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ آئی جی نے کہا کہ ریاستی رٹ اور عوامی تحفظ پر کوئی سمجھوتا قبول نہیں — قانون اپنا راستہ ضرور لے گا۔
