فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنانی آرمی چیف کی ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ
لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل روڈولف ہائیکل نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، باہمی عسکری تعلقات اور خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں عسکری قیادتوں نے پیشہ ورانہ روابط اور تربیتی تعاون کو آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان لبنان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے پاک فوج کے عزم کو دہرایا۔
لبنانی آرمی چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور بین الاقوامی امن مشنوں میں پاک فوج کے کردار کا بھی اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ دونوں مسلح افواج کے مابین تعاون کو آگے بڑھانے کے مشترکہ ارادے کا عکاس ہے۔
