بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں اضافہ، ریلیف پیکج کا اعلان
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی ملازمین، مسلح افواج اور پنشنرز کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ فنانس بل کے مطابق تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن میں مختلف سطح پر اضافہ کیا جائے گا، جس سے سرکاری شعبے سے وابستہ افراد کو فائدہ پہنچے گا۔
فنانس بل کے تحت نئے پے اسکیلز میں 2022 کے 15 فیصد اور 2025 کے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے گا۔ تمام وفاقی سرکاری ملازمین کو رننگ بیسک پے پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس دیا جائے گا، جبکہ اسکیل ایک سے 22 تک کے ملازمین کو ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 2026 کے تحت بنیادی تنخواہ کا 15 فیصد اضافی ملے گا۔
کنوینس الاؤنس میں موجودہ رقم سے 50 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ سول آرمڈ فورسز کے لیے کانسٹینٹ اٹینڈنٹ الاؤنس 7 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کے افسران اور عملے کی اسپیشل پے بھی 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے ماہانہ کر دی گئی ہے۔
نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے اسکیل ایک تا 22 کے ملازمین کا اسپیشل الاؤنس 10 سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ اسپیشل کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ تمام پنشنرز کی بیس لائن پنشن میں بھی 7 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق یہ تمام ریلیف اقدامات یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گے، جس سے اور سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مالی سال کے آغاز سے ہی فائدہ ملنا شروع ہو جائے گا۔
