امریکا ایران کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو پر لگ گئے
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات عالمی تیل مارکیٹ پر بھی نمایاں ہونے لگے ہیں، اور خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت چار اعشاریہ پانچ فیصد سے زائد بڑھ گئی، جس کے بعد برطانوی برینٹ کروڈ آئل اناسی اعشاریہ دو سات ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ آئل کی قیمت بھی بڑھ کر چوہتر اعشاریہ پانچ دو ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، جہاں اس کے سودے طے پائے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی، خصوصاً خلیجی خطے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال، عالمی توانائی منڈی میں بے یقینی کو مزید بڑھا رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو تیل کی قیمتیں مستقبل قریب میں مزید بڑھ سکتی ہیں۔
