آبنائے ہرمز ہماری ریڈ لائن ہے، امریکی مداخلت قبول نہیں: ترجمان ایرانی افواج
ایران کی مشترکہ عسکری کمانڈ خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کی ریڈ لائن ہے اور اس معاملے میں امریکی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران خطے کے کسی ملک کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اگر ایرانی انفرا اسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو جواب میں پورے خطے کا انفرا اسٹرکچر ایران کا ہدف بنے گا۔ ان کے مطابق ایرانی افواج وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت مستعد اور چوکس ہیں۔
ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمنیا نے کہا کہ اگر امریکی جارحیت جاری رہی تو جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی افواج نے ابھی اپنی اکثر صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کیا۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت آبنائے ہرمز کو ایران سے چھین نہیں سکتی۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز پر کنٹرول رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کے ویژن کے تحت حاصل کیا گیا ہے۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
