کشمور ہو یا کشمیر، حقِ حاکمیت پر سیاسی ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے، بلاول بھٹو
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمور ہو یا کشمیر، کسی کو حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت پر سیاسی ڈاکا نہیں ڈالنے دیا جائے گا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر اور کشمور کے ساتھ ساتھ میرپور اور میرپور خاص کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان شہروں کے صرف نام نہیں بلکہ مزاج بھی ایک جیسا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت کے معاملے پر کوئی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں کشمیر اور کشمور کے عوام نے مسلم لیگ ن کو مسترد کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح میرپور خاص کے عوام نے پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا، اسی طرح میرپور کے عوام بھی اپنے فیصلے سے سیاسی جماعتوں کو آگاہ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ کشمیر اور کشمور کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے مستقبل کا اختیار کسی دوسرے شہر یا صوبے کے حوالے نہیں کریں گے، اور آئندہ انتخابات میں بھی ماضی جیسا فیصلہ دہرایا جائے گا۔
