منچن آباد (راشد ڈھڈی)
منچن آباد کے علاقے میکلوڈگنج کی غلہ منڈی میں ایک انوکھے اور دلچسپ کھیل بوری دوڑ مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں پلے داروں نے اپنی جسمانی طاقت، برداشت اور مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
مقابلے میں نوجوان کھلاڑیوں کو 80 کلوگرام وزنی بوری کندھوں پر اٹھا کر 200 میٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا۔ اس مقابلے میں نہ صرف مقامی غلہ منڈی بلکہ بہاول نگر، دیپال پور، حویلی لکھا اور اوکاڑا سے آئے پلے داروں نے بھی شرکت کی۔
مقابلے کے اختتام پر صدر غلہ منڈی چوہدری اشتیاق احمد گجر اور مرکزی صدر انجمن تاجران سردار رائے عطاء اللہ کھرل نے کامیاب کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کیے۔
دیپال پور کے مسلم شیخ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور 20 ہزار روپے نقد انعام جیت لیا، جبکہ میکلوڈگنج کے محمد محمود نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے 10 ہزار روپے نقد انعام اپنے نام کیا۔
بوری دوڑ مقابلہ دیکھنے کے لیے مقامی شہریوں سمیت مختلف شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے صحت مند اور روایتی کھیلوں کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد ہونے چاہئیں تاکہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔
