اسلام آباد:
پاک فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل (Taimoor Weapon System) کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ انجام دے دیا ہے، جو قومی فضائی اور دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فضائیہ کے مطابق تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ روایتی وار ہیڈ سے لیس ہے۔ جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے آراستہ یہ میزائل انتہائی کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کی بدولت دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام کو مؤثر طریقے سے چکمہ دے سکتا ہے۔
تیمور میزائل کی درست نشانہ بازی کی صلاحیت پاک فضائیہ کی روایتی دفاعی صلاحیت، آپریشنل لچک اور ڈیٹرنس کو نمایاں طور پر مضبوط بناتی ہے، جس سے ملک کے مجموعی دفاعی نظام کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔
کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کے موقع پر پاکستان مسلح افواج کے سینئر افسران، ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے شرکت کی، جنہوں نے اس جدید ہتھیار کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو (نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرأت) نے اس کامیاب تجربے پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے اس کامیابی کو پاکستان کے دفاعی شعبے میں خود انحصاری، تکنیکی مہارت اور جدت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔
ایئر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ بدلتی ہوئی علاقائی سکیورٹی صورتحال میں قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت اور تکنیکی برتری کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
