شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، کمانڈرز سمیت 9 خوارج ہلاک
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 9 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تازہ آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقوں پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری میں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں چار اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں، جن کی شناخت خالد رضا، کامران، موسیٰ اور مفتوم کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ہلاک افراد سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔ وزیراعظم کے مطابق یہ کامیابیاں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک میں بدامنی پھیلانے اور اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
