Table of Contents
واشنگٹن / ایئر فورس ون :
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر وینزویلا کی باقی ماندہ حکومت نے امریکا کے ساتھ تعاون نہ کیا تو دوسری امریکی فوجی کارروائی بھی خارج از امکان نہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ بات ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کے بعد بھی اگر حکومتی اہلکار امریکا کی شرائط پر عمل نہیں کرتے تو مزید سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے لاطینی امریکا میں مزید فوجی کارروائیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کولمبیا اور میکسیکو کو بھی منشیات کی اسمگلنگ روکنے میں ناکامی کی صورت میں کارروائی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا:
"آپریشن کولمبیا مجھے تو اچھا لگتا ہے۔”
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ کیوبا، جو وینزویلا کا قریبی اتحادی ہے، امریکی فوجی مداخلت کے بغیر ہی کمزور ہو رہا ہے۔
مادورو کی گرفتاری اور وینزویلا میں بے چینی
امریکی حکام کے مطابق صدر نکولس مادورو اس وقت نیو یارک کے حراستی مرکز میں موجود ہیں اور پیر کو منشیات سے متعلق مقدمے میں عدالت میں پیش ہوں گے۔ مادورو کی گرفتاری کے بعد وینزویلا میں شدید سیاسی بے یقینی پائی جا رہی ہے۔

وینزویلا کی حکومت نے مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورز کی گرفتاری کو اغوا قرار دیا ہے۔ وزیر داخلہ ڈیوسدادو کابیو نے ایک آڈیو پیغام میں کہا:
"یہاں صرف ایک ہی صدر ہے اور وہ نکولس مادورو موروس ہیں۔ دشمن کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں۔”
مادورو کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر اور ہتھکڑیاں لگائے گئی تصاویر نے عوام کو حیران کر دیا۔ اسے پاناما پر امریکی حملے کے بعد لاطینی امریکا کی سب سے متنازع کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔
جانی نقصان اور فوجی الرٹ
وینزویلا کے وزیر دفاع جنرل ولادی میر پادرینو نے کہا کہ امریکی حملے میں فوجی اہلکاروں، عام شہریوں اور مادورو کی سیکیورٹی ٹیم کے کئی افراد مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج خودمختاری کے دفاع کے لیے الرٹ کر دی گئی ہیں۔

ادھر کیوبا کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں اس کے 32 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
تیل، پابندیاں اور امریکی شرائط
امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا کے وسیع تیل ذخائر تک مکمل رسائی حاصل کریں۔
انہوں نے وینزویلا سے امریکا آنے والے مہاجرین اور مجرمان کو بھی کارروائی کی ایک وجہ قرار دیا۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ وینزویلا کی معیشت اس وقت تک بحال نہیں ہو سکتی جب تک امریکا اور وینزویلا کے عوام کے مفادات پورے نہ ہوں۔ انہوں نے وینزویلا کے تیل بردار جہازوں پر امریکی ناکہ بندی کا بھی حوالہ دیا۔
عالمی ردعمل اور سلامتی کونسل
امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک لیڈر چک شومر نے خبردار کیا کہ یہ کارروائی امریکا کو ایک طویل جنگ میں دھکیل سکتی ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل وینزویلا پر امریکی حملے پر پیر کو اجلاس کرے گی، جبکہ روس اور چین پہلے ہی امریکی اقدام پر تنقید کر چکے ہیں۔
