وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے ہولناک خودکش دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کل بسنت کے موقع پر اپنی تمام سرکاری و غیر سرکاری مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ لاہور کے لبرٹی اسکوائر پر شیڈول میگا بسنت شو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک وقت میں قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد رہنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ
“یہ وقت تفریح کا نہیں بلکہ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف یکجہتی دکھانے کا ہے۔”
مریم نواز نے واضح الفاظ میں کہا کہ خوارج پر کسی قسم کا رحم نہیں کیا جائے گا اور پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
پس منظر
خیال رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی میں واقع مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں جمعہ کی نماز کے دوران خودکش دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں اب تک تقریباً 30 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ سکیورٹی اداروں نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا۔
حکومتی ذرائع
حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت ہو چکی ہے، جس نے افغانستان سے دہشت گرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی تھی اور متعدد بار افغانستان کا سفر کر چکا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود مختلف دہشت گرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گرد کارروائیوں کے پس پشت افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ موجود ہے۔
