طرابلس: لبنان کے شمالی شہر طرابلس میں رہائشی عمارت گرنے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی ہے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں تاحال ملبے تلے دبے لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نیشنل نیوز ایجنسی (NNA) کے مطابق طرابلس کے علاقے باب التبانہ میں ریسکیو اہلکاروں نے اب تک 9 افراد کو زندہ ملبے سے نکال لیا ہے، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد اب بھی ملبے کے نیچے پھنسے ہو سکتے ہیں۔
حکام کے مطابق اتوار کے روز دو متصل رہائشی عمارتیں اچانک منہدم ہو گئیں۔ طرابلس میونسپل کونسل کے سربراہ عبدالحمید کرامی نے کہا ہے کہ اس وقت یہ تصدیق ممکن نہیں کہ کتنے افراد تاحال لاپتا ہیں۔
اس سے قبل لبنان کے سول ڈیفنس ریسکیو سروس کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دونوں عمارتوں میں مجموعی طور پر 22 افراد مقیم تھے۔
ریاستی میڈیا کے مطابق حالیہ ہفتوں میں طرابلس میں کئی پرانی رہائشی عمارتوں کے گرنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، جو شہر میں بوسیدہ انفراسٹرکچر اور برسوں کی غفلت کو اجاگر کرتے ہیں۔
