اسلام آباد میں اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وزیر اعظم Shehbaz Sharif نے اپوزیشن اور سیاسی قیادت کو موجودہ علاقائی و داخلی صورتحال پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل دونوں ایوانوں کے قائدین حزب اختلاف اور پارلیمانی لیڈرز کو بریفنگ دیں گے، جبکہ اپوزیشن قائدین کو وزیر اعظم ہاؤس مدعو بھی کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور ایران پر حملوں کے تناظر میں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مغربی سرحد پر افغان طالبان رجیم کے خلاف جاری کارروائیوں سے متعلق بھی اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
وزیراعظم نے اپوزیشن قائدین اور پارلیمانی رہنماؤں کو کل صبح ساڑھے 11 بجے مدعو کیا ہے۔ تاہم اپوزیشن تاحال وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی بریفنگ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کر سکی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد سے ملاقات میں اپوزیشن قائدین نے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے، جبکہ دونوں ایوانوں کے اپوزیشن قائدین نے حکومت پر زور دیا ہے کہ بریفنگ پارلیمنٹ کے اندر ان کیمرہ اجلاس میں دی جائے تاکہ تمام اراکین کو صورتحال سے آگاہ کیا جا سکے۔
اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق امور پر پارلیمنٹ کو مرکزی حیثیت دی جانی چاہیے۔
