پنکی کیس: افریقا تک پھیلے نیٹ ورک کا انکشاف، برانڈ نیم ہی ملزمہ کا پھندا بنے گا — کراچی پولیس چیف
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے کہا ہے کہ منشیات فروشی کے کیس میں گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کے موبائل فون سے 869 نمبر ملے ہیں، جن میں سے 132 کراچی کے ہیں۔ یہ انکشاف انہوں نے کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
آزاد خان نے کہا کہ پنکی کیس ان کے لیے ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتا ہے اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمہ کا اپنا برانڈ نیم ہی اس کا پھندا بنے گا۔
تفتیش کا دائرہ کراچی سے باہر تک پھیلا ہوا ہے۔ پولیس چیف کے مطابق جو لوگ پنکی سے نشہ خرید کر آگے بیچتے تھے، انہیں بھی حراست میں لیا جا چکا ہے۔ سچل میں ملزمہ کے پرانے گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے منشیات بھی برآمد ہوئی۔ آزاد خان نے بتایا کہ یہ منشیات باہر سے آتی تھی اور اس نیٹ ورک میں افریقا کے افراد بھی شامل ہیں۔
مالی معاملات کی تحقیقات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ملزمہ کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں اور 3 کروڑ روپے کی ٹرانزیکشن سامنے آئی ہے۔ ملزمہ گرفتاری سے پہلے پنجاب میں موجود تھی۔
کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ اس کیس میں ایف آئی اے اور سائبر کرائم سے بھی رابطہ کیا جا چکا ہے اور بڑے پیمانے پر تفتیش جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر ملوث ملزم کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
