اسلاموفوبیا امریکا بھر میں مسلم کمیونٹی کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے: نیویارک میئر ظہران ممدانی
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سین ڈیاگو میں ایک اسلامک سینٹر پر مسلح حملے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے اس واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسلاموفوبیا پورے امریکہ میں مسلم کمیونٹی کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور کم سن تھا جس نے اپنی والدہ کے گھر سے تین بندوقیں اٹھائیں اور اسلامک سینٹر پر فائرنگ کی، جس میں ایک محافظ سمیت تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ فائرنگ کے بعد مشتبہ حملہ آور نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ اس کی چھوڑی گئی تحریر میں نسلی برتری کے خیالات سامنے آئے، جس کی بنیاد پر پولیس نے اسے نفرت پر مبنی جرم قرار دیا ہے۔
میئر ظہران ممدانی نے تمام امریکی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نفرت اور خوف کی سیاست کے سامنے نہ جھکیں اور اسلاموفوبیا کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف مسلمانوں کا نہیں، پورے امریکی معاشرے کا مسئلہ ہے۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے حملے قابل قبول نہیں۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ میں مسلم مخالف واقعات کے حوالے سے پہلے سے تشویش پائی جا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک نفرت انگیز بیانیے کی حوصلہ شکنی نہیں کی جاتی، ایسے واقعات کا خطرہ موجود رہے گا۔
