عید کے دنوں میں شدید گرمی کا خدشہ، سندھ و جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے عید کے موقع پر شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں موسم انتہائی گرم رہے گا۔ سندھ اور جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
منگل کو ملک بھر میں سب سے زیادہ گرمی جیکب آباد میں ریکارڈ ہوئی جہاں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ تربت اور بہاولنگر میں 48، جبکہ سبی، دادو، لاڑکانہ اور موئنجودڑو میں درجہ حرارت 47 ڈگری رہا۔ سکھر میں 46، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں 45، اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بڑے شہروں میں بھی گرمی کی شدت نمایاں رہی۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42، اسلام آباد میں 40 اور پشاور میں 38 ڈگری رہا۔ کراچی اور کوئٹہ میں 36، مظفرآباد میں 35، جبکہ گلگت نسبتاً ٹھنڈا رہا جہاں پارہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رہا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ عید کے دنوں میں دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا استعمال زیادہ رکھیں اور بچوں و بزرگوں کا خاص خیال رکھا جائے۔
