دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے پرجوش ہیں، کپتان قومی ویمن کرکٹ ٹیم
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے اپنے جذبات اور ٹیم کی تیاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین ٹیموں کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار اور پرجوش ہیں۔
آئی سی سی کے لیے اپنے کالم میں فاطمہ ثنا نے لکھا کہ انگلینڈ میں ہونے والا یہ ورلڈ کپ عالمی سطح پر اپنی مہارت ثابت کرنے کا ایک اور بڑا موقع ہے۔ ان کے بقول ورلڈ کپ اپنے ساتھ دباؤ، جذبات اور ناقابل فراموش یادیں لے کر آتا ہے — اور کسی بھی کرکٹر کے لیے اس سفر کا حصہ بننا ہمیشہ سے ایک خواب رہا ہے۔
کپتان نے بتایا کہ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات تھی، اور اب ایک بار پھر اسی ذمہ داری کے ساتھ میدان میں اترنے کا موقع ملنا انہیں مزید حوصلہ دیتا ہے۔ انہوں نے ٹیم کے مجموعی ڈھانچے پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس بار اسکواڈ میں سینئر کھلاڑیوں اور نوجوان ٹیلنٹ کا بہترین امتزاج ہے، اور ٹیم میں ایسے کھلاڑی بھی موجود ہیں جو اکیلے میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔
فاطمہ ثنا نے منیبہ علی، نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا کہ یہ کھلاڑی مستقل مزاجی کے ساتھ پرفارم کرتی آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری ٹیم اب بہتر طور پر جانتی ہے کہ دباؤ کے لمحات میں کس طرح سنبھل کر کھیلنا ہے اور اہم مواقع کو کیسے اپنے حق میں کرنا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس طرز کرکٹ نے ویمن کرکٹ کو فروغ دینے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ اس سے کھلاڑیوں کی توانائی اور کھیل سے لگاؤ دونوں میں اضافہ ہوا ہے، نئے مواقع کے دروازے کھلے ہیں اور ساتھ ہی دیکھنے والوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
