اوپٹا ماڈل کی پیشگوئی — اسپین 16.1 فیصد امکان کے ساتھ سب سے آگے
دنیائے فٹبال کا سب سے بڑا ایونٹ، فیفا ورلڈکپ، 12 جون سے شروع ہو رہا ہے۔ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ اپنی نوعیت کا پہلا ہے جس میں 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں 4 ٹیمیں ہیں اور مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر گروپ کی پہلی اور دوسری ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں جائے گی اور ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار راؤنڈ آف 32 کھیلا جائے گا۔
اس بار فاتح ٹیم کا اندازہ لگانا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہے کیونکہ میدان میں اتنی ٹیمیں پہلے کبھی نہیں اتریں۔ تاہم اوپٹا سپر کمپیوٹر نے ڈیٹا کی بنیاد پر اپنی پیشگوئی پیش کر دی ہے۔
اوپٹا کا یہ ماڈل کوئی روایتی مشین نہیں بلکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ایک تجزیاتی نظام ہے جو کھیلوں کی پیشگوئیوں کے لیے خاص طور پر استعمال ہوتا ہے۔ یہ ماڈل کسی ٹورنامنٹ کو 10 ہزار سے زائد بار ڈیجیٹل طور پر سیمولیٹ کرتا ہے اور پھر بتاتا ہے کہ کسی ٹیم کے جیتنے، فائنل تک پہنچنے یا میچ جیتنے کے کتنے فیصد امکانات ہیں۔
انہی 10 ہزار سیمولیشنز کی بنیاد پر ماڈل نے اسپین کو ورلڈکپ 2026 کا سب سے بڑا دعویدار قرار دیا ہے۔ اسپین کے چیمپئن بننے کا امکان 16.1 فیصد لگایا گیا ہے۔
اسپین کے بعد فرانس 13 فیصد امکان کے ساتھ دوسرے، انگلینڈ 11.2 فیصد کے ساتھ تیسرے اور ارجنٹینا 10.4 فیصد کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ یہ چاروں ٹیمیں ہی وہ ہیں جن کا ٹائٹل جیتنے کا امکان 10 فیصد سے اوپر ہے۔
ڈیٹا میں ایک دلچسپ پہلو یہ بھی سامنے آیا ہے کہ پہلی بار ورلڈکپ جیتنے والی کسی ٹیم کا امکان بہت کم ہے اور صرف ایک تہائی سے کچھ زائد سیمولیشنز میں ہی کسی نئے چیمپئن کا منظرنامہ سامنے آیا۔
اسپین کو فیورٹ ضرور قرار دیا گیا ہے مگر ان کا سفر آسان نہیں ہوگا۔ کوارٹر فائنل تک نہ پہنچنے کا امکان 52.1 فیصد ہے۔ البتہ اگر وہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے تو سیمی فائنل میں جانے کا امکان 39 فیصد اور فائنل کھیلنے کا امکان 25.6 فیصد ہے۔
48 ٹیموں کے اس میگا ٹورنامنٹ میں غیر یقینی صورتحال کہیں زیادہ ہے مگر اوپٹا ماڈل نے تمام ممکنہ منظرناموں کے باوجود اسپین کو واضح فیورٹ قرار دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ 12 جون سے شروع ہونے والا یہ سفر کس کو ٹرافی تک لے جاتا ہے۔
