علی ظفر نے کینیڈا میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا، 45 ہزار سے زائد افراد کانسرٹ میں شریک
پاکستان کے معروف گلوکار، اداکار اور موسیقار علی ظفر نے کینیڈا میں منعقدہ ایک کانسرٹ کے دوران نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ میسی ساگا کے سیلیبریشن اسکوائر میں ہونے والے اوپن ائیر شو میں تقریباً 45 ہزار افراد نے شرکت کی، جسے منتظمین نے اس مقام کی تاریخ کا سب سے بڑا میوزیکل اجتماع قرار دیا۔
شائقین کی بڑی تعداد کی وجہ سے مجمع سیلیبریشن اسکوائر تک محدود نہ رہا اور قریبی سڑکوں اور سینٹر کے احاطے تک پھیل گیا۔ یہ کانسرٹ علی ظفر کے روشنی ٹور 2026 کے شمالی امریکا مرحلے کا اختتامی شو تھا۔ مفت اوپن ائیر پروگرام میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شامل ہوئے، جن میں بچے، نوجوان، خاندان اور بزرگ شامل تھے اور سب نے پورے پروگرام کے دوران بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔
کانسرٹ کا یادگار ترین لمحہ اس وقت آیا جب علی ظفر نے اپنا مقبول گانا جھوم پیش کیا اور ہزاروں مداحوں نے اپنے موبائل فونز کی لائٹس روشن کر دیں، جس سے پورا مقام روشنیوں کے سمندر میں تبدیل ہو گیا۔ بعد ازاں وہ اسٹیج سے نیچے اتر کر مداحوں کے درمیان بھی گئے، جس پر حاضرین نے زبردست جوش کا اظہار کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم سب انسانیت کا حصہ ہیں اور دنیا کے کسی بھی کونے میں رہیں، اپنی جڑوں اور ثقافت پر فخر کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے انتخاب اور آزادی کا احترام ہی ہمیں جوڑے رکھتا ہے۔ علی ظفر نے خواتین کے اپنے فیصلے خود کرنے کے حق، بچوں کے خوابوں کی حوصلہ افزائی اور خاندانوں میں بہتر رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
کانسرٹ کے اختتام پر ہزاروں مداح علی ظفر کے ساتھ گاتے رہے۔ منتظمین اور شرکاء نے اس شام کو میسی ساگا کی ثقافتی تاریخ کے یادگار ترین پروگراموں میں شمار کیا۔
