بشریٰ انصاری کا آبادی پر بے باک موقف: "کسی کے 6 تو کسی کے 9 بچے ہیں، اللہ ملک پر رحم کرے
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اور مقبول اداکارہ بشریٰ انصاری نے ملک کی تیزی سے بڑھتی آبادی اور خاندانی منصوبہ بندی کے موضوع پر کھل کر اپنا موقف بیان کیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ انہیں ہمیشہ سے فکرمند رکھتا ہے۔
پروگرام میں سنجیدہ اور مزاحیہ گفتگو کے درمیان جب آبادی کا موضوع چھڑا تو اداکارہ نے بے تکلفی سے کہا کہ میں آبادی کے معاملے پر بہت زیادہ بولتی ہوں کیونکہ دل سے یہی دعا نکلتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ملک پر رحم کرے۔
بشریٰ انصاری نے یاد دلایا کہ ایک وقت تھا جب سڑکوں پر "وقفہ دو” جیسے بورڈ لگے ہوتے تھے جو خاندانی منصوبہ بندی کی ترغیب دیتے تھے، لیکن اب وہ کہیں نظر نہیں آتے۔ ان کا کہنا تھا کہ رزق کا وعدہ یقیناً اللہ نے کیا ہے، مگر اللہ نے انسان کو عقل بھی عطا کی ہے — اور اس عقل کو استعمال کرنا بھی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ کسی کے پانچ چھ بچے ہیں تو کسی کے نو — جب گھر میں پہلے سے موجود بچوں کی ضروریات پوری نہیں ہو پا رہیں، تو نئے آنے والے بچے کیا زندگی گزاریں گے۔ ان کے مطابق یہ بچے دنیا میں آ کر پریشانی میں مبتلا ہوتے ہیں، جو کسی بھی باشعور معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
بشریٰ انصاری کا یہ بیان سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے اور لوگ اس موضوع پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔
