ایران کا امریکا کو سخت انتباہ: جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں
ایران نے امریکا کو واضح انتباہ دیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ایرانی وزارتِ خارجہ نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا کہ امریکا نے ایران کے جنوبی ساحل پر کچھ تنصیبات کو نشانہ بنایا، جو دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ مفاہمتی یادداشت اور جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ حملے ثابت کرتے ہیں کہ امریکا اپنے وعدوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتا اور وعدہ خلافی اس کی فطرت میں شامل ہے۔
ایران نے صاف الفاظ میں کہا کہ وہ اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ امریکی اقدامات کو بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تہران نے کہا کہ مستقبل میں کسی بھی جارحانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
