پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے ٹی 20 رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی کو پیچھے چھوڑ دیا
پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی مینز ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی اور بھارت کے ورون چکرورتی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
تازہ ترین رینکنگ کے مطابق ابرار احمد ایک درجہ ترقی پا کر 736 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ افغانستان کے اسپنر راشد خان 753 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ورون چکرورتی اب تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔
دیگر پاکستانی بولرز کی بات کی جائے تو محمد نواز 12ویں، فاسٹ بولر سلمان مرزا 20ویں اور بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین آفریدی 30ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان 848 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر قائم ہیں۔ دوسری جانب بھارت کے ایشان کشن نے پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی ہے، جبکہ ابھیشیک شرما دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ زمبابوے کے کپتان سکندر رضا پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ بھارت کے ہاردک پانڈیا دوسری پوزیشن پر ہیں۔
