ہاکی فیڈریشن نے ہالینڈ کے معروف کوچ ہرمن کروئس کو قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر کر دیا
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہالینڈ کے مایہ ناز ہاکی کوچ اور ہائی پرفارمنس کے ماہر ہرمن کروئس کو قومی ہاکی کوچنگ ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے۔
ہرمن کروئس عالمی ہاکی میں ایک انتہائی معزز اور تجربہ کار نام سمجھے جاتے ہیں اور کئی دہائیوں پر محیط بین الاقوامی تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ یورپ سمیت ایشیا اور دیگر خطوں میں قومی ٹیموں اور ایلیٹ ہاکی پروگراموں کو کوچنگ اور مشاورت فراہم کر چکے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ہرمن کروئس پاکستان ہاکی کے پورے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے فیڈریشن کی رہنمائی کریں گے۔ وہ اس دوران سینئر اور جونیئر قومی ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، تاکہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے۔
ہرمن کروئس آئندہ ہاکی ورلڈ کپ کے آغاز پر باقاعدہ طور پر پاکستانی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ان کی شمولیت سے قومی ہاکی ٹیم کو بین الاقوامی سطح پر بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
