لاہور: فٹبال میچ کے دوران کھلاڑیوں میں جھگڑا، سر پر چوٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق
لاہور میں فٹبال میچ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا ہونے سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ پنجاب یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس سے ملحقہ فٹبال گراؤنڈ میں پیش آیا جہاں کھیل کے دوران لڑکوں میں تلخ کلامی ہوئی اور بات جھگڑے تک جا پہنچی۔
لڑائی کے دوران سر پر چوٹ لگنے سے ریحان گل شدید زخمی ہوگئے۔ ریحان گل پنجاب یونیورسٹی کے آفیسر محمد یعقوب کے بیٹے تھے۔ زخمی حالت میں انہیں فوری طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ کا رخ کیا اور لاش کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور واقعے میں ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔ تفتیشی ٹیم جھگڑے کی وجوہات اور واقعے کی مکمل تفصیلات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔
