والد اور دیگر شہدا کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای
تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے تحریری پیغام میں کہا ہے کہ ان کے والد اور دیگر شہدا کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم شہدا کے خون کا بدلہ لینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ان کے والد آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریبات میں کروڑوں افراد نے شرکت کی۔ تہران، نجف، کربلا اور مشہد میں بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں شریک ہونے والوں کا انہوں نے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔
سپریم لیڈر نے واضح انداز میں کہا کہ ذمہ داروں کو پرسکون موت نصیب نہیں ہوگی۔ ان کے بقول بدلہ لینا قوم کا مطالبہ ہے اور یہ ضرور پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے والد کے قاتلوں کو خبردار کیا کہ انہیں اپنے جرائم کا حساب دینا ہوگا اور وہ اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔
آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک ہوئے تھے۔ ان کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای کو آٹھ مارچ کو نیا سپریم لیڈر مقرر کیا گیا تھا، تاہم وہ اس واقعے کے بعد سے تاحال منظرعام پر نہیں آئے۔
