ایران کا عُمان، قطر، اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی مراکز پر حملوں کا دعویٰ
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر عروج پر پہنچ گئی ہے۔ پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے کے پانچ ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات اور لاجسٹک مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں تہران نے عُمان، قطر، اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اہداف پر حملے کرنے کا اعلان کیا۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق عُمان کی بندرگاہ دُقم میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے لیے استعمال ہونے والے لاجسٹک سپورٹ مراکز اور ایندھن بھرنے والے پلیٹ فارمز کو شدید اور اچانک حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
قطر میں العدید فضائی اڈے پر بھی بیلسٹک میزائل داغے گئے، جس کے نتیجے میں جنگی طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کا مرکز اور ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تباہ ہو گیا۔
ایرانی فوج نے کویت اور بحرین میں امریکی افواج کے زیر استعمال پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، اسلحہ گودام اور ریڈار تنصیب کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ ابھی تک امریکی حکام کی جانب سے ان دعووں پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
اس پیش رفت نے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے، اور عالمی برادری کی نظریں اس صورتحال پر مرکوز ہیں کہ آیا فریقین کشیدگی کم کرنے کی جانب بڑھتے ہیں یا حالات مزید سنگین رخ اختیار کریں گے۔
