اسلام آباد: پاکستان اور بنگلا دیش کا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
پاکستان اور بنگلا دیش نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بنگلا دیش کے وزیر برائے خواتین، اطفال و سماجی بہبود ڈاکٹر اے زیڈ ایم زاہد حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
بنگلہ دیشی وزیر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر تھے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کانفرنس میں بنگلا دیش کی شرکت کو سراہتے ہوئے او آئی سی کے پلیٹ فارم پر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے گزشتہ سال اپنے دورہ ڈھاکہ کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
