مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتیں ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
مشرق وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث آج عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 3 فیصد اضافہ ہوا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت 2.77 ڈالر یا 3.14 فیصد اضافے کے ساتھ 90.87 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، جو 11 جون کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت میں 15.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جو اپریل کے بعد سب سے بڑا ہفتہ وار اضافہ ہے۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ بھی 2.35 ڈالر یا 2.85 فیصد اضافے کے ساتھ 84.84 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا، جو 12 جون کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ گزشتہ ہفتے ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 15.5 فیصد اضافہ ہوا تھا، جو مارچ کے اوائل کے بعد سب سے زیادہ ہفتہ وار اضافہ تھا۔
دوسری جانب امریکا میں پیٹرول کی ریٹیل قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد فی گیلن قیمت 4 ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے امریکا میں پیٹرول کی قیمتوں میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان شروع ہونے والی کشیدگی میں کمی کا تاحال کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔ امریکا نے گزشتہ شب بھی ایران کے خلاف حملے کیے، جبکہ ایران نے خطے میں امریکی اہداف پر جوابی کارروائی کی۔
