خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں اور فلش فلڈ سے مزید 9 افراد جاں بحق، 103 مکانات کو نقصان
خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 زخمی ہوئے ہیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مختلف واقعات میں 103 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 29 جولائی سے شروع ہونے والی بارشوں کے سلسلے میں ایبٹ آباد، سوات، بونیر، خیبر اور چترال لوئر سمیت متعدد اضلاع میں حادثات رپورٹ ہوئے۔ ان واقعات میں جاں بحق ہونے والوں میں چار بچے، تین خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نقصان پہنچنے والے 103 مکانات میں سے 39 مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے اور ریسکیو حکام سمیت متعلقہ اداروں کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اور نقصانات کے سروے میں مصروف ہیں۔
لوئر چترال میں فلیش فلڈ کے باعث بند ہونے والی سڑکوں کو بحال کرنے کے لیے بھی کام جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں
