این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری، سکیورٹی ہائی الرٹ
بہاولپور کے حلقہ این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جس کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بہاولپور پولیس مکمل طور پر متحرک ہے۔ ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب کا کہنا ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور سکیورٹی انتظامات کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشنز اور ان کے اطراف میں کسی بھی مشکوک سرگرمی پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی پی او نے خبردار کیا کہ انتخابی عمل میں خلل ڈالنے، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، ہلڑبازی یا کسی بھی خلافِ قانون سرگرمی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بہاولپور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پُرامن ماحول برقرار رکھنے میں پولیس اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔ پولیس کنٹرول روم اور فیلڈ افسران کے درمیان مسلسل رابطہ قائم ہے، اور صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے
