امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، افغان جنگ میں پاکستان کے کردار کا اعتراف
راولپنڈی: امریکی افغانستان وار کمیشن کے ایک وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کمیشن کی شریک چیئرپرسنز شمائلہ این چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن نے کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد افغانستان میں امریکا کی بیس سالہ موجودگی کا جائزہ لے رہا ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان کی معاونت، خطے کی سلامتی کی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر بات چیت ہوئی۔ گفتگو کا مرکز وہ پہلو رہے جو کمیشن کے کام سے متعلق ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور ان سکیورٹی عوامل پر روشنی ڈالی جنہوں نے اس جنگ کی صورت گری کی۔ انہوں نے طویل افغان تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے اسٹریٹجک، سفارتی اور عملی پہلوؤں کا جائزہ لیتے وقت خطے کے نقطۂ نظر اور پاکستان کے تجربے کو شامل کرنا ضروری ہے۔
وفد نے افغانستان کی جنگ کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔ اس کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔
