کوئٹہ: بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے تناظر میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کور ہیڈکوارٹرز کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشت گرد عناصر کی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان بھی موجود تھے۔ حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو حالیہ دہشت گرد حملوں، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائیوں اور امن و امان کی بحالی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر قوم کے حوصلے بلند کیے ہیں۔
انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی اور ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔