پنجاب میں ہوائی اڈوں اور ائیربیسز کے گرد دفعہ 144 نافذ، کبوتر بازی اور لیزر لائٹ پر پابندی
پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام ہوائی اڈوں اور فضائی اڈوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی 30 روز کے لیے ہوگی اور اس کا اطلاق کمرشل ائیرپورٹس کی حدود پر بھی ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ علاقوں میں کبوتر بازی، لیزر لائٹ کا استعمال اور آلائشیں یا گوشت پھینکنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق یہ سرگرمیاں نہ صرف پروازوں کی روانی میں خلل ڈالتی ہیں بلکہ فلائٹ سیفٹی کے لیے بھی سنگین خطرہ بنتی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ انسانی جانوں اور سرکاری و نجی املاک کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ائیرپورٹس اور ائیربیسز کے قریبی علاقوں میں ان پابندیوں کا مکمل احترام کریں، بصورتِ دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
